برطانیہ: مسلم قبرستان کی بےحرمتی
مسلمان کمیونٹی کویقین رکھنا چاہیے کہ ہم ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ہر ممکنہ اقدام کو یقینی بنائیں گے،پولیس
لندن (نیوزڈیسک) برطانیہ
کے قصبے ہائی وائیکم میں نامعلوم افراد نے ایک مقامی قبرستان میں مسلمانوں کی بیس قبروں کی بے حرمتی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی رات نو بجے اور جمعرات کو آٹھ بجے کے درمیان ہیمپڈن روڈ کے قبرستان میں پیش آیا۔اس واقعے کے دوران قبروں کے کتبے گرا دیِئے گئے اور آرائیشی نقش و نگار کو مٹا دیا گیا۔
ٹیمز ویلی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کا کام بھی جاری ہے۔ ٹیمز ویلی پولیس کے سپرینٹنڈنٹ گِلبرٹ ہوالا کا کہنا ہے کہ انہیں اس واقعے سے بہت رنج ہوا ہے۔ میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ لوگ اتنے بے حس اور بزدل ہو سکتے ہیں کہ وہ لوگوں کے پیاروں کی قبروں کی اس ناقابلِ یقین افسوس ناک طریقے سے بے حرمتی کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان کمیونٹی کو اس بات پر یقین رکھنا چاہیے کہ ہم اس نوعیت کے واقعات بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ہر ممکنہ اقدام کو یقینی بنائیں گے۔