شام میں بدامنی میں ملوث دہشتگرد گروہ گرفتار
دارعا شہر کے سلفی شیخ نے شام کے اس نواحی شہر میں بشارالاسد حکومت کیخلاف علمِ بغاوت بلند کیا ہوا ہے
دمشق (نیوزڈیسک) شام کی سیکورٹی فورسز نے بدامنی پھیلانے والے ایک دہشت گرد گروہ کو دارعا شہر سے بڑی مودار میں ہتھیاروں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ شام کے سرکاری ٹیلی ویژن پر دہشت گرد گروہ کے سرغنہ مصطفیٰ بن یوسف الخلیفہ نے
اعتراف کیا کہ اُس کے گروہ نے بدامنی کا شکار دارعا شہر میں سیکورٹی اہلکاروں اور عام مسلمانوں کو نشانہ بناکر قتل کیا ہے۔ اُس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ابراہیم النحاف مسلمہ نامی سعودی شہری نے اُسے پچاس ہزار پاونڈ فراہم کیا اور کہا کہ العمری مسجد کے سلفی فرقے کے شیخ کے حکم پر بدعقیدہ لوگوں اور سرکاری حکام کو نشانہ بناو،سعودی شہری ابراہیم نے الخلیفہ کو مزید 50ہزار پاونڈ دینے کا وعدہ بھی کیا۔ خیال رہے دارعا شہر کے سلفی شیخ نے شام کے اس نواحی شہر میں بشارالاسد حکومت کیخلاف علمِ بغاوت بلند کیا ہوا ہے وہ شام میں سعودی سلفی فرقے کے عقائد کو نافذ کرنے کی تحریک چلارہے ہیں۔
شام کی سیکورٹی ایجنسیاں اس گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے دارعا شہر پہنچ گئیں ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ شام میں بدامنی کے بڑے منصوبے کا انکشاف ہوگا۔ اس دہشت گرد گروہ سے جو ہتھیار برآمد ہوئے ہیں ان میں رات کو دیکھنے والے آلات بھی ہیں جوکہ ممنوعہ اشیاء میں شامل ہے۔