مصر:مبارک دورکےوزیرکوقید کی سزا
حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے بعد سے ان کے دور کے تقریباً بیس وزراء اور تاجروں کو حراست میں رکھا گیا ہے۔
قاہرہ (میزان نیوز) مصر کے سابق آمر حسنی مبارک دور کے وزیر داخلہ حبیب العدلی کو غیر قانونی
طور پر ملک سے باہر پیسہ لانے یا لے جانے کے جرم میں بارہ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ حبیب العدلی مللک کی سکیورٹی سروسز کے سربراہ تھے اور حسنی مبارک کی حکومت کے ایک اہم رکن مانے جاتے تھے۔ فروری میں زبردست عوامی احتجاج کے بعد مسٹر مبارک نے اقتدار چھوڑ دیا تھا اور ان کی حکومت کے کسی سینیئر رکن کا یہ پہلا مقدمہ ہے جس میں اس طرح کا فیصلہ سامنے آیا ہو۔ مسٹر عدلی پر مظاہرین پر فائرنگ کرنے کے احکامات دینے کا بھی الزام ہے جس کا انہیں سامنا ہے۔
مصر کے مختلف شہروں میں اٹھارہ روز تک جاری رہنے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران تقریباً ساڑھے آٹھ سو افراد مارے گئے تھے اور ہلاک شدہ افراد میں سے بیشتر کے سر یا سینے میں گولی لگی تھی۔
احتجاجی مظاہروں کے دوران مسٹر حبیب العدلی کی کارگزاریوں کی وجہ سے ان کے مقدمے پر لوگوں کی نظریں لگي ہوئی تھیں۔ مصر کے سابق آمر حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے بعد سے ان کے دور کے تقریباً بیس وزراء اور تاجروں کو حراست میں رکھا گیا ہے۔