آئی ایم ایف کا دباو پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ،عوام کا شدید ردعمل
پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے 98 پیسے ، ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 65 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں نو روپے 65پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں9 سے 13 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے 98 پیسے ، ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 65 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں نو روپے 65پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
اس سے قبل وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے وزیراعظم یوسف گیلانی کو آگاہ کردیا تھا کہ اگراپریل میں قیمتوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو حکومت کو 9ارب روپے ماہانہ کا بوجھ برادشت کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نےایم کیوایم کے دباو پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا ۔وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ملکی خزانہ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ ایم کیوایم اور حزبِ اختلاف پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر کس طرح کا ردِعمل ظاہر کرتی ہیں۔ ذرائع کیمطابق وفاقی حکومت آئی ایم ایف سے مزید 5 ارب ڈالر کے قرضے کے بابت بات شروع کرنے کی خواہاں ہے اور اسی دباو میں پٹرولیم مصنوعات میں یہ زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ ملک کے طول وعرض میں عوام نے اس اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔