امن مذاکرات : طالبان نے بین الاقوامی ضمانت طلب کرلی
افغان امن شوریٰ،طالبان اور بین الاقوامی اتحاد کے درمیان سنجیدہ مذاکرات کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرئےگی،طالبان سے رابطے ہیں۔
کابل – طالبان اور گلبدین حکمت یار کی حزب اسلامی، افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کے لئے بین الاقوامی برادری کی ضمانت حاصل
کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس بات کا انکشاف طلوع ٹی وی کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
طلوع ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، افغان امن شوریٰ نے کہا ہے کہ طالبان اور حزب اسلامی کی بین الاقوامی اتحادی حکام کے ساتھ بات چیت کرانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
پاکستان کے ایک حالیہ دورے کے دوران امن شوریٰ کے اراکین نے حزب اسلامی کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں کابل آنے کی دعوت دی تھی مگر وہ ابھی تک افغانستان نہیں گئے۔ حزبِ اسلامی مبینہ طور پر بین الاقوامی اتحادی افواج سے ضمانت چاہتی ہے۔ اگرچہ طلوع ٹی وی نے یہ نہیں بتایا کہ حزبِ اسلامی کس قسم کی ضمانت چاہتی ہے ذرائع بتاتے ہیں کہ حزب اسلامی محفوظ راستے کی ضمانت چاہتی ہے۔
افغان امن شورٰی کے سیکرٹری عطاء اللہ لودن نے طلوع ٹی وی کو بتایا کہ طالبان بھی افغان مسائل پر بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں اور وہ بین الاقوامی اتحاد کے نمائندوں سے براہ راست مذاکرات کرنے کی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
لودن نے کہا کہ افغان امن شورٰی ان مذاکرات کے انعقاد میں مدد کرے گی اور ثالث کا کردار ادا کرے گی۔
لودن نے طلوع ٹی وی کو بتایا کہ افغان امن شورٰی اور طالبان کے سینئر رہنماؤں کے درمیان فون اور تحریری صورت میں بلواسطہ رابطے جاری ہیں۔