اُسامہ قتل آپریشن:علاقہ فوج کی تحویل میں ہے
آدھی رات ہونے کے باوجود امریکہ کے مختلف شہروں میں جشن منایا گیااور خوشی میں نعرے لگائے، اعلان امریکی صدر نے کیا
ایبٹ آباد (نیوزڈیسک) ایک مقامی صحافی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فوج کی بڑی تعداد نے ابھی تک ایک
وسیع علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور کاکول میں واقع پاکستان ملٹری اکیڈمی کی طرف جانے والی تمام سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔
مقامی سول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فوج نے انھیں اس کارروائی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا اور مقامی انتظامیہ اور پولیس کو جائے حادثہ پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
مقامی صحافیوں کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد علاقے میں فوج کی غیر معمولی اور وسیع پیمانے پر نقل و حرکت دیکھی گئی جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں فوجی اہلکار وہاں موجود ہیں اور انھوں نے فوج کی کئی ٹرک جائے حادثہ کی طرف جاتے ہوئے دیکھے ہیں۔
صحافیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے واقعے کی جگہ کے قریب لگ بھگ ایک درجن ایمبولینسز اور فائر انجن بھی کھڑی دیکھیں۔
صحافیوں کا کہنا ہے کہ انھیں بھی اس طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور فوج نے تصویریں لینے سے بھی سختی سے منع کیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کی جگہ پر فوج کے اعلیٰ حکام بھی پہنچ گیے تھے جو بعد میں واپس چلے گئے۔
گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کے روز نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پینٹاگون پر ہونے والے حملوں میں تین ہزار سے زائد افراد مارے گئے تھے۔ان واقعات کے بعد سے اسامہ امریکہ کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پررہحے ہیں۔
اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی خبر ملتے ہی وائٹ ہاوس کے باہر لوگ جمع ہو گئے اور انہوں نے خوشی میں نعرے لگائے۔ آدھی رات ہونے کے باوجود امریکہ کے مختلف شہروں میں جشن منایا گیا۔ اس آپریشن کی کامیابی کا اعلان امریکی صدر نے کیا۔