بلوچستان : ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ اور فائرنگ 7 جابحق
پہلا واقعہ بلوچستان کے ضلع تربت میں پیش آیا جہاں ریموٹ کنٹرول بم حملے میں باپ اور بیٹے سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔دوسرے
واقعے میں قلات شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے دو افراد ہلاک کردیا۔
کوئٹہ (نیوزڈیسک) جمعرات کی شام ضلع تربت کے علاقے تمپ سے تقریباً دو سو کلومیٹر دور کوہاڈ کے مقام پر سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم اس وقت پھٹا جب علاقے کے ایک مقامی شخص رحم دل کی گاڑی وہاں سے گذررہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں رحم دل سمیت پانچ افراد افراد جابحق ہوئے۔
تربت سے مقامی صحافی جہانگیر اسلم کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں رحم دل، ان کا بیٹا بیبرگ اور تین محافظ شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد مقامی لیویز نے لاشوں کوتحویل میں لے کر تمپ ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
دوسری جانب تمپ لیویز کے میجر سلام نے بتایا کہ واقعہ کے بعد لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
بلوچ لیبریشن فرنٹ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ رحم دل علاقے میں سکیورٹی فورسز کے لیے مخبری کرتا تھا۔ یاد رہے کہ ایک سال قبل رحم دل کا بھائی بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھےاور اس کی ذمہ داری بھی بی ایل ایف نے قبول کی تھی۔
ادھر قلات شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی لیویز کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ تاہم فائرنگ کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔