اس صفحے کو سابقہ حالت (ڈیفالٹ) میں واپس لائیں

ٹھیک ہے

ذوالفقارمرزا کی چھٹی،شرجیل میمن وزیر بن گئے

قلمدان چھوڑنے سے قبل ذرالفقارمرزا گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی، میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا۔

کراچی (نیوزڈیسک)  سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے ان کے محکمے کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کئی بار ان کو ہٹانے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ گورنر ہاؤس میں بدھ کو صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی تقریب حلف برداری کے دوران وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے وزرات داخلہ کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے اورجب تک کوئی وزیر مقرر نہیں کیا جاتا یہ قلمدان ان کے پاس رہے گا۔

ڈاکٹر مرزا کی طبیعت کچھ ناساز ہے، وہ کافی روز پہلے رخصت پہ جانا چاہتے تھے اور ان کی چھٹی منظور کرلی گئی ہے۔ وہ علاج اور طبی تجزیوں کے لیے باہر جانا چاہتے ہیں۔

کراچی میں عمومی طور پراِنہیں پیپلز امن کمیٹی کا سرپرست کہا جاتا ہے جو مبینہ طورپر اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث ہے۔ پچھلے دنوں یہ مسئلہ شدت اختیار کرگیا اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے صوبائی وزیر داخلہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور قومی اسمبلی کی اسپیکر فہمیدہ مرزا کے شوہر ہیں۔ قلمدان چھوڑنے سے قبل انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی۔ اس حوالے سے انہوں نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا۔

دریں اثنا شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیرِ اطلاعات کا حلف اٹھایا۔وہ سندھ حکومت کے تین سالوں میں پانچویں ترجمان ہیں۔ حکومت کی پہلی وزیر اطلاعات شازیہ مری تھیں۔ ان کی جگہ جمیل سومرو کو مشیر مقرر کیا گیا مگر چند ماہ کے بعد یہ منصب شرمیلا فاروقی نے سنبھالا۔

سندھ کے صحرائی علاقے تھر سے رکن صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن اس سے قبل پیپلز میڈیا سیل کے انچارج تھے جو تنظیم اور حکومت کی کارکردگی کے بارے میں شائع اور نشر ہونے والی خبروں کی مانیٹرنگ کرتا ہے۔

Leave a Reply

You must be شامل ہیں تبصرہ لکھنے کے لیے.


SEO Powered By SEOPressor