غزہ پر حملہ اسرائیل کیخلاف اعلانِ جنگ ہوگا،البرادعی
نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں مصر اور اسرائیل کےتعلقات ہر اِمید وار کیلئے حساس معاملہ ہے رفح پاس ہمیشہ کے لئے کھول دیں گے
قاہرہ (نیوز ڈیسک) مصرکےمقبول سیاسی رہنما اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سابق سربراہ محمد البرادعی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے غرہ پر حملہ کی غلطی کی تو اس کے خلاف اعلان جنگ کردیا جائے گا۔ حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے نئے جمہوری آئین کے تحت مصر کےآئندہ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں انتہائی مضبوط صدارتی اُمید وار
محمد البرادعی نے کہا کہ اگر وہ مصر کے صدر منتخب ہوگئے تو رفح پاس ہمیشہ کے لئے کھول دیں گے اور مشترکہ عرب دفاعی سمجھوتے کے نفاذ کے طریقوں کا جائزہ لیں گے ۔ محمد البرادعی نے کہا کہ وہ ایسا اس لئے کریں گے تاکہ عرب ممالک اسرائیل کے مخاصمانہ اقدامات کا مقابلہ کرسکیں البرادعی نے یہ بھی کہا کہ مصر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ملک کی آمدنی اور دولت کو عوام کے درمیان برابر سے تقسیم کریں گے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کےلئے نئے کارخانے لگائيں گے مصرمیں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی سیاسی مہم کا آغاز ہوچکا ہے اور اِن انتخابات میں مصر اور اسرائیل کےتعلقات ہر اِمید وار کیلئے حساس معاملہ ہے یوں تو فوج کی سرپرستی میں قائم مصر کی نگراں حکومت نے اسرائیل کیساتھ تمام تر معاہدوں کی پاسداری کا اعلان تو کیا ہے مگر مصر میں اسرائیل کیخلاف بڑھتی ہوئی نفرت منتخب صدر کو اسرائیل کیساتھ تعلقات پر نظرِ ثانی پر مجبور کر دے گی۔ جس کا اظہار سیکولر مصری رہنما البرادعی نے کیا ہے کہ وہ صدر منتخب ہوکر رفع پاس کھول دیں گے۔ اسرائیلی پٹھو حسنی مبارک نے اسرائیل کے کہنے پر غزہ کا مصر کیساتھ واحد زمینی راستہ رفع پاس بند کردیا تھا،جسکے باعث اسرائیل غزہ کی ناکہ بندی کرنے میں کامیاب ہوسکا۔ اسرائیل نے غزہ کی عوام کو سزا دینے کی غرض سے کئی سالوں سے غزہ کی ناکہ بندی کر رکھی ہے جسکی وجہ سے غزہ میں خوراک اور ادویات کا شدید بحران ہے مصری عوام کی خواہش ہے کہ رفع پاس کھول دیا جائے تاکہ وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کر سکیں اور فلسطینی اس زمینی راستے سے فائدہ اُٹھاکر اسرائیل کے خلاف اپنی مزاحمت کو برقرار رکھ سکیں۔