اس صفحے کو سابقہ حالت (ڈیفالٹ) میں واپس لائیں

ٹھیک ہے

مصر:حسنی مبارک کی جماعت کالعدم،اثاثے منجمد

نیشل ڈیموکریٹک پارٹی کیخلاف فیصلہ ملک کی اعلی ترین انتظامی عدالت نے سنایا ہے جس کے خلاف کہیں اپیل بھی نہیں کی جا سکتی۔

قاہرہ (نیوز ڈیسک) مصر میں ایک عدالت نے سابق صدر حسنی مبارک کی سیاسی جماعت کو کالعدم قرار دے کر  اس کے سارے اثاتے منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ حسنی مبارک کی نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے تمام اثاتے، فنڈز اور جائیداد کو ضبط کر کے حکومت کو دے دیا جائے۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی بنیاد انیس سو ستر میں انوار سادات نے رکھی تھی۔

حسنی مبارک اور ان کے صاحبزادوں کو شدید عوامی دباؤ کے پیش نظر حراست میں لے لیا گیا تھا اور ان کو بدعنوانی اور عوامی احتجاج میں ہلاکتوں کے ذمہ دار ہونے کے الزامات پر مقدمات کا سامنا ہے۔

عوام کا مطالبہ تھا کہ اُ س جماعت جس نے گزشتہ تیس سال تک ملک کی سیاست اور اقتدار پر اپنی اجارہ داری قائم رکھی اس کو ختم کر دینا چاہیے۔عدالت کے حکم سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصر کی فوجی حکومت مظاہرین کے مطالبات جلد پورے کرنا چاہ رہی ہے۔ مصر میں مظاہرین گزشتہ کئی ہفتوں سے ان مطالبات کو پوار کرنے کے لیے احتجاج کر رہے تھے۔ لیکن سینئر ترین جرنیلوں پر مشتمل فوجی کونسل جس نے گیارہ فروری کو حسنی مبارک کی حکومت ختم ہونے کے بعد اقتدار سنبھال لیا تھا ان مطالبات کو پورا کرنے کے لیے کچھ نہیں کر رہی تھی۔ اس دوران مظاہرین اور حکومت میں کشیدگی بڑھتی جا رہی تھی اور بعض حلقوں کی طرف سے جرنیلوں پر سابق صدر کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

یہ کشیدگی ایک ہفتے قبل اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گئی تھی جب ملک کے تحریر چوک پر علی الصبح سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس دوران ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔

تحریر اسکوائر ہلاکت کے بعد فوج اور مظاہرین میں براہ راست ٹکراؤ کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا لیکن اس کے بعد فریقین نے اپنے رویے میں کچھ نرمی پیدا کر لی۔ حسنی مبارک ان کے خاندان اور ان کی جماعت کے خلاف اقدامات اس کے بعد ہی اٹھائے گئے ہیں۔ مصر میں عوامی احتجاج کے پیچھے سرگرم لوگوں کا یہ خیال ہے کہ حسنی مبارک کے اقتدار سے علیحدہ ہونے کے بعد ان کی جماعت کے بچے کچے عناصر دوبارہ اقتدار میں شامل ہونے کی کوشش کریں گے۔

نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے دفتر کو جنوری میں عوامی احتجاج کے دوران آگ لگا دی گئی تھی اور دریائے نیل کے کنارے اس کا ڈھانچے ایک آسیب کی طرح دکھائی دیتا ہے۔

ہفتے کو نیشل ڈیموکریٹک پارٹی کے خلاف فیصلہ ملک کی اعلی ترین انتظامی عدالت نے سنایا ہے جس کے خلاف کہیں اپیل بھی نہیں کی جا سکتی۔

Leave a Reply

You must be شامل ہیں تبصرہ لکھنے کے لیے.


SEO Powered By SEOPressor