پاکستان مخالف امریکی رپورٹ،عابدہ حسین کا کرارہ جواب
اگر امریکہ چاہےکہ پاکستانی فوج ہیلی کاپٹروں سے سب کچھ ملیامیٹ کر دے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔ پاکستانی فوجی نہ تو امریکہ کے فوجی ہیں اورنہ لوگ ویتنامی
جھنگ (نیوزڈیسک) پاکستان کی امریکہ کے لیے سابق سفیر اور پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ سینئر سیاستدان سیدہ عابدہ حسین نے وہائٹ ہاوس کی کانگریس کی رپورٹ پرامریکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ اس رپورٹ میں کچھ چیزیں مبنی بر حقیقت ہو سکتی ہیں مگر یاد رکھنے کی بات ہے کہ ہر ملک کی دفاعی حکمت عملی اپنے مفادات کے تابع ہوتی ہے۔ پاکستان کی فوج نے عسکریت پسندوں کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن اگر امریکہ چاہے کہ پاکستان کی فوج ہیلی کاپٹروں سے سب کچھ ملیامیٹ کر دے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کے فوجی نہ تو امریکہ کے فوجی ہیں اورنہ لوگ ویتنامی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کی حکومت کا جھکاؤ بھارت کی جانب ہو گا توویسے بھی اسے پاکستان سے ’فلیٹ آوٹ‘ تعاون تو نہیں ملے گا۔ اوباما انتظامیہ کی جانب سے امریکی کانگریس بھجوائی گئی اس رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں کو شکست دینے کے لیے پاکستان کے پاس کوئی مضبوط حکمت عملی نہیں ہے اور القاعدہ سے منسلک اِن جنگجوؤں سے خالی کرائے گئے علاقوں پرکنٹرول برقرار رکھنے کی کوشش میں ملک کی افواج کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔اسی طرح پاکستان کی طرف سے امریکی ماہرین کی فوجی ہیلی کاپٹروں کی کارکردگی بہتر کرنے کی پیشکش قبول کرنے میں ہچکچاہٹ نے بھی صورت حال کو مزید سنگین کیا ہے۔