اس صفحے کو سابقہ حالت (ڈیفالٹ) میں واپس لائیں

ٹھیک ہے

پاک فوج نے امریکی رپورٹ مسترد کردی

امریکی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاک فوج کے آپریشن میں بظاہر علاقے پر قبضہ اور اس کے بعد کی منصوبہ بندی نظر نہیں آتی۔

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاک فوج نے امریکی انتظامیہ کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کے پاس دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے۔

پاک فوج کے ایک اعلیٰ اہلکار نے  کہا ہے کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔اس ضمن میں پاکستان فوج کے اعلیٰ اہلکار نے سوات اور قبائلی علاقوں میں کئی مقامات کا حوالہ دیا جہاں پاکستان فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف بڑے کامیاب آپریشن کئے ہیں۔

صدر اوباما کی طرف سے کانگریس کو پیش کی جانے والی اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ڈیڑھ لاکھ فوج تعینات کیے جانے کے باوجود پاکستان فوج کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے۔

اس سال جنوری میں دہشت گردی کے خلاف جنگ پر امریکی اسٹریٹیجک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند اور باجوڑ میں رواں سال شروع کیے گئے آپریشن کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ آپریشن گزشتہ دو برس میں تیسری بار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس آپریشن میں جنگجوؤں کی مزاحمت، خراب موسم اور بے گھر ہونے والے افراد جیسے مسائل کے باعث کامیابی نہیں ہو رہی ہے۔

پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے آپریشن میں بظاہر علاقے پر قبضہ اور اس کے بعد کی منصوبہ بندی نظر نہیں آتی۔ اگرچہ پاکستان کی ایک لاکھ سینتالیس ہزار فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لے رہی ہے لیکن پاکستان کے پاس دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے واضح حکمتِ عملی نہیں ہے۔

حالیہ خودکش حملوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالبان نے اپی حکمتِ عملی تبدیل کر لی ہے اور اب وہ آسان اہداف کو نشانہ بناتے ہیں جیسے کہ عام شہری اور سرکاری دفاتر۔

وائٹ ہاؤس کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے طالبان کی حکمتِ عملی میں تبدیلی سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ طالبان دباؤ میں ہیں اور اسی لیے وہ شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

You must be شامل ہیں تبصرہ لکھنے کے لیے.


SEO Powered By SEOPressor