انسان دوست فنکار معین اختر انتقال کرگئے
انہیں اداکاری کے میدان میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ستارہِ امتیار اور تمغہ حسن کارکردگی سے نوازہ گیا۔
کراچی (نیوزڈیسک) پاکستان میں ٹیلی ویژن اور اسٹیج کے ممتاز اداکار معین اختر آج اچانک انتقال کرگئے۔معین اختر کراچی کے علاقے ملیر کینٹ میں واقع اپنے گھر میں اچانک گرجانے کے بعد چل بسے۔ ان کے قریبی ساتھی اور دوست میجر ا
عجاز نے ان کے اچانک انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میعن اختر کافی عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان دنوں تکلیف بڑھ جانے کی شکایت کررہے تھے۔ انہیں فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری ہوسپٹل پہنچایا گیا مگر ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ عالمی شہرت یافتہ فنکار معین اختر شوبزنس اور انٹرٹینمنٹ کا بہت بڑا نام تصور کئے جاتے تھے۔ ان کی شمولیت کسی بھی ٹی وی یا اسٹیج کے کسی بھی پروگرام کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔
معین اختر کے ساتھ کام کرنے والے تمام ہی فنکار اور شوبزنس سے وابستہ شخصیات انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ انہیں ایک عظیم فنکار کے ساتھ ساتھ ہر ایک کے دکھ درد میں کام آنے والا ایک عظیم انسان قرار دیا جارہا ہے۔ وہ بہت نیک انسان سمجھے جاتے تھے جو ہر دکھی دل کو ہنسانے کے ساتھ ساتھ ہر ممکن حد تک عملی مدد کو بھی تیار دکھائی دیتے تھے۔ ساتھی فنکار تو ان کی کمی محسوس کریں گے ہی، مگر وہ پرستار اور ہمدرد بھی انہیں برسوں یاد کریں گے جن کے دکھ سکھ میں وہ ہمیشہ شریک رہے۔
وہ چوبیس دسمبر سن انیس سو پچاس کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز کی ساٹھ کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن سے کیا۔ انہوں نے پینتالیس سال پر محیط اپنے فنی کیریئر کے دوران کئی حوالوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کامیڈی کے ساتھ ساتھ میزبان، گلوکار اور ڈرامہ نگار کی حیثیت سے فن کی دنیا میں بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔انہیں اداکاری کے میدان میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ستارہِ امتیار اور تمغہ حسن کارکردگی سے نوازہ گیا۔