اس صفحے کو سابقہ حالت (ڈیفالٹ) میں واپس لائیں

ٹھیک ہے

ایف سی مرکزپرخودکش دھماکے80جابحق

پہلا دھماکہ اس وقت ہوا جب چند روزقبل پاس آؤٹ ہوئے ایف سی کے اہلکار چھٹیوں پراپنے گھر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

پشاور(میزان نیوز) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ہونے والے دو دھماکوں میں کم از کم اسّی افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکے چارسدہ کے علاقے شبقدر میں واقع فرنٹیئر کانسٹیبلری کے تربیتی مرکز کے مرکزی دروازے پر ہوئے۔ حکام کے مطابق ان دو دھماکوں میں سے ایک خودکش حملہ تھا جبکہ دوسرے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

چارسدہ کے ضلعی پولیس افسر نثار مروت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ صبح تقریباً چھ بجے ہوا۔ ان کے مطابق پہلا دھماکہ اس وقت ہوا جب چند روز قبل ہی پاس آؤٹ ہوئے ایف سی کے اہلکار چھٹیوں پر اپنے گھر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ اہلکار گاڑیوں میں اپنا سامان رکھ رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے ان کے قریب آ کر اپنے آپ کو اڑا دیا۔ نثار مروت کے مطابق دیگر اہلکار اس دھماکے کے بعد امدادی کاموں کے لیے جمع ہوئے تو اس وقت دوسرا دھماکہ ہوا جس کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق ان دھماکوں میں اب تک اڑسٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے تین عام شہری اور باقی ایف سی اہلکار ہیں۔ دھماکے میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں شبقدر سول ہسپتال اور پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دھماکے سے تربیتی مرکز کے قریب واقع گھروں اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

کمانڈنٹ ایف سی اکبر ہوتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکاروں نے جمعرات ہی کو اپنی تربیت مکمل کی تھی اور وہ گھر جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کُل آٹھ سو اٹھارہ اہلکاروں نے تربیت مکمل کی تھی اور سکیورٹی کے پیشِ نظر ان کو پندرہ پندرہ کے گروپ میں گھر روانہ کیا جا رہا تھا۔

Leave a Reply

You must be شامل ہیں تبصرہ لکھنے کے لیے.


SEO Powered By SEOPressor