تیزاب سے حملوں کیخلاف قانون کی منظوری
مجرم کو عمر قید یا کم از کم 14 سال قید کی سزا سنائی جا سکے گی عدالت مجرم پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد کرسکےگی۔ اسلام آباد (میزان ڈیسک) پاکستان میں تیزاب اور دیگر کیمیائی مواد پھینک کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے جرائم کی حوصلہ شکنی
کے لیے قومی اسمبلی نے منگل کو ایک قانون کی متفقہ طور پر منظوری دی۔
اراکین پارلیمان کا کہنا ہے کہ مناسب قوانین کی عدم موجودگی کے باعث ملک میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا۔
تعزیرات میں شامل کی گئی نئی شقوں کے تحت کسی شخص کو تیزاب سے ضرر پہنچانے والے مجرم کو عمر قید یا کم از کم 14 سال قید کی سزا سنائی جا سکے گی جب کہ عدالت مجرم پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد کرنے کی مجاز ہو گی۔
مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والی رکن ماروی میمن نے اس مسودے کی تیاری اور اس کی منظوری میں ایک سرگرم کردار ادا کیا۔ اُنھوں نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ تیزاب سے حملے جیسے خوفناک جرم کے تدارک کے لیے ایک ایسے قانون کی ضرورت تھی جو مجرم کو سخت ترین سزا دے۔
’’اس سے یہ ہو گا کہ ایک ڈیٹرنٹ (حوصلہ شکنی) ہوگا۔ جو لوگ اس قسم کی خوفناک حرکتیں کرتے ہیں وہ تھوڑا سوچیں گے کہ اُن کو کافی ٹھیک ٹھاک سزا بھی مل سکتی ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ ضروری یہ ہے کہ اس کا نفاذ ہر رکن اسمبلی اپنے اپنے حلقے میں کرائے۔‘اُن کا کہنا تھا کہ جب مجرموں کو خوفناک سزا دی جائے گی تو دوسرے لوگ ایسا کرنے سے گریز کریں گے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں قوانین کی موجودگی کے باوجود پولیس کے نظام میں خامیوں، بد عنوانی اور با اثر افراد کی معاونت سے اکثر جرائم پیشہ افراد سزا سے بچ نکلتے ہیں۔ نئے قانون میں عدالت کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم کو تیزاب سے متاثرہ شخص کے طبی و دیگر مالی اخراجات ادا کرنے کا پابند بنا سکتی ہے۔