سعودی عرب:پاکستانیوں سے ناروا سلوک بند کیا جائے
پاکستانی شہریوں کیلئےایسا سلوک اور احترام چاہتے ہیں جو امریکیوں کو سعودی عرب میں ملتا ہے،چیرمین قائمہ کمیٹی سنیٹ
اسلام آباد (ثناء نیوز ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود کی جسمیں وزارت خارجہ کے افسران کے
علاوہ کمیٹی کے دیگر ارکان سینیٹرز نے شرکت کی ۔ ذیلی کمیٹی میں سعودی عرب میں تین پاکستانیوں کو دیت رقم ادا کرنے کے باوجودسزائے موت سنائے جانے اور صومالیہ قزاقوں کی قید میں پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے اقدامات کرنے کے بارے جائزہ لیا گیا ۔ وزارت خارجہ کے افسران نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کوحکومت کی ہدایت کی روشنی میں ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین سینیٹر طلحہ محمود نے کہا سعودی عرب کے سفیر کو طلب کر کے ان کو پابند کیا گیا کہ جب تک دیت کے سلسلے میں دستاویزات مکمل نہیں ہوتیں اس وقت تک سزا پر عمل درآمد روکا جائے ۔ اس حوالے سے جدہ میں پاکستان کے قونصل جرل نے بھی سعودی حکومت سے رابطہ کیا ہے اور ان کو تحریری طور پر سعودی عرب سے فیصلے کی کاپی طلب کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی اور دوست ملک ہے ہم سعودی عرب کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے ساتھ ناروا سلوک فوری بند کیا جائے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب حکومت اس مسئلے کا فوری حل نکالے گی ۔ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے نوٹس میں یہ بات بھی لائی گئی ہے کہ سعودی عرب میں ایک بے گناہ پاکستانی کو گرفتار کیا گیا تھا اور سعودی عدالت نے 22 مارچ 2011 ء کو ان کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے لیکن اس کے باوجود ان کو جیل میں رکھا ہوا ہے جو انصاف کے خلاف ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم خادم حرمین شریفین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے اور وہ عزت و احترام دیا جائے جو غیر ملکی امریکیوں کوسعودی عرب میں ملتا ہے۔