مسلم لیگ (ق) کےوزراء نےحلف اُٹھا لیا
پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ق) کے درمیان شراکت اقتدار پر باضابطہ سمجھوتہ طے پایا گیا، دونوں جماعتیں مل کر کام کریں گی
اسلام آباد (نیوزڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے سات وفاقی وزراء اور سات وزرائے مملکت نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے،حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ۔ تقریب میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزراء ، پیپلز پارٹی
اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے شرکت کی،صدر آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء سے حلف لیا۔
وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے والوں میں چوہدری پرویز الہیٰ ، مخدوم فیصل صالح حیات ، غوث بخش مہر ، امیر مقام ریاض پیر زادہ ،چوہدری وجاہت حسین اور انور علی چیمہ شامل ہیں ۔جبکہ سات وزرائے مملکت میں رضا حیات ہراج، شیخ وقاص اکرم ، اکرم مسیح گل ،شاہ جہان یوسف ، خواجہ شیراز احمد ، سردار بہادر خان ،رانا آصف توصیف شامل ہیں ۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے وزراء کی کابینہ میں شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی تعداد 35ہوگئی ہے۔
قبل ازیں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ق) کے درمیان شراکت اقتدار پر باضابطہ سمجھوتہ طے پایا گیا،پہلے مرحلے پر سینئر وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا جائے گا۔ البتہ نائب وزیراعظم کے عہدے کی تخلیق کے بارے میں دونوں جماعتوں کے قانونی ماہرین کے درمیان ابہام پایا جاتا ہے۔ لہذا اس عہدے کی تخلیق کے لیے اگر آئینی ترمیم کرنا پڑی تو یہ بعد میں کی جائے گی۔اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ یہ دونوں جماعتیں آئندہ انتخابات میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی،دونوں جماعتیں مل کر کام کریں گی اور جمہوریت کی مضبوطی، جنوبی پنجاب میں سرائیکی صوبہ خیبر پختونخواہ میں ہزارہ صوبہ بنانے اور انتخابی اصلاحات اور فاٹا میں اصلاحات پر تعاون کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما فیصل صالح حیات نے کہا کہ صدر زرداری نے ان کی جماعت کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں حصہ داری کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعظم کا عہدہ دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔