اس صفحے کو سابقہ حالت (ڈیفالٹ) میں واپس لائیں

ٹھیک ہے

پاک امریکہ تعلقات:سینیٹرکیری پاکستان آئینگے

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد سینٹیر جان کیری کا دورہ پاکستان خاصی اہمیت کا حامل ہے۔

واشنگٹن(میزان ڈیسک) امریکی سینیٹر جان کیری نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاک امریکہ بات چیت کو صحیح سمت میں لانے کے مقصد کے تحت رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔سینٹیر جان کیری کا کہنا ہے کہ ان کے دورے کا مقصد اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاک امریکہ بات چیت کو درست سمت میں لانا ہے۔ پاکستان آنے سے پہلے جان کیری وائٹ ہاؤس سے بات چیت کریں گے اور پاکستان کے بعد افغانستان بھی جائیں گے۔

سینٹیر جان کیری جو اوباما انتظامیہ کے بہت قریب ہیں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دورے کے دوران ’تمام اہم رہنماؤں، حکام سے ملاقات‘ کی توقع ہے۔انھوں نےواشنگٹن میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’ بہت سارے سنجیدہ سوالات ہیں، ظاہر ہے کہ مسائل سنجیدہ ہیں اور ہمیں اب ان کو اکٹھے حل کرنے کا راستہ تلاش کرنا ہے۔

سینٹیر جان کیری نے ایک ایسے وقت دورے کا اعلان کیا ہے کہ جب پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی آپریشن میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد واشنگٹن میں بعض اہلکار پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے عزم کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں جب کہ پاکستان میں امریکی آپریشن کو ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم گیلانی نے پیر کو پارلیمنٹ میں خطاب میں امریکی کمانڈوز کی کارروائی میں ہلاکت پر خوشی اور کامیابی کا اظہار کیا لیکن امریکہ کی جانب سے پاکستان کو اعتماد میں لیے بنا کارروائی کرنے پر خفگی ظاہر کی اور کہا کہ یہ پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے اور اس پر پاکستان کے امریکہ سے شدید اختلاف ہیں۔

واضح رہے کہ سینٹیر جان کیری نے اس سے پہلے اس وقت پاکستان کا دورہ کیا تھا جب لاہور میں دو پاکستانی شہریوں کے قتل کے الزام میں امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس گرفتار تھے۔

اس وقت بھی دونوں ممالک کے درمیان ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر تعلقات تناؤ کا شکار تھے اور اب ایبٹ آباد آپریشن کے بعد جان کیری پہلے اعلیٰ امریکی اہلکار ہیں جو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد سینٹیر جان کیری کا دورہ پاکستان خاصی اہمیت کا حامل ہے۔

Leave a Reply

You must be شامل ہیں تبصرہ لکھنے کے لیے.


SEO Powered By SEOPressor