پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل ستائش کردار ادا کررہی ہے۔ امریکی سفیر کیمرون منٹرکا دورہ بلوچستان

کوئٹہ (نیوزڈیسک) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کو ایک جیسے خطرات کا سامنا ہے ،دونوں ممالک ملکر خطرات سے نمٹیں گے۔ کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل ستائش کردار ادا کررہی ہے۔ امریکہ پاکستان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور امریکہ کو دہشت گردی جیسے کئی مسائل کا بیک وقت سامنا ہے۔ دونوں ملک مل کر ان مسائل کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف جانوں کی قربانیاں بھی دے رہی ہے۔کیمرون منٹر کا کہنا تھا کہ ان کے دورہ بلوچستان کا مقصد یہاں کے عوام خصوصًا پاک افغان سرحدی علاقوں کے شہریوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینا ہے۔ اس سلسلے میں صوبے کے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہیں ،اس سے قبل امریکی سفیر نے پشتون مقامی جرگہ کے کنوینئر نواب ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں ہونے والے قبائلی جرگہ میں بھی شرکت کی اور مسائل کے حل کے حوالے سے جرگہ کو تجاویز بھی پیش کیں۔ کیمرون منٹر کوئٹہ میں قیام کے دوران وہ سرکاری حکام سے بھی ملاقات کریں گے،امریکہ صوبہ بلوچستان میں اپنا قونصلیٹ کھولنے کیلئے حکومتِ پاکستان سے درخواست کرچکا ہےاور اس مقصد کیلئے بلوچ رہنماوں سے اس سلسلے میں حمایت حاصل کرنے میں لگا ہوا ہے۔